ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اتی کرم داروں کے حقوق کے لئے جدوجہدنئے سال میں مزید تیز کرنے اُترکنڑا ہوراٹا سمیتی کا منصوبہ

اتی کرم داروں کے حقوق کے لئے جدوجہدنئے سال میں مزید تیز کرنے اُترکنڑا ہوراٹا سمیتی کا منصوبہ

Thu, 02 Jan 2020 19:24:52    S.O. News Service

سرسی 2/جنوری (ایس او نیوز) ضلع شمالی کینرا کے انتہائی اہم مسائل میں جنگلاتی زمین پر قبضہ داروں کے حقوق کا مسئلہ سر فہرست ہے۔ گزشتہ 28برسوں سے اتی کرم داروں کے حقوق کے لئے جدوجہد میں مصروف ’ہوراٹا سمیتی‘ نے اعلان کیا ہے کہ اتی کرم داروں کو انصاف دلانے کے لئے نئے سال 2020میں نئے منصوبے کے ساتھ تحریک چلائی جائے گی۔

 خیال رہے کہ ایڈوکیٹ  ناگیندرا نائک کی قیادت میں ہوراٹاسمیتی نے سال2019میں دیگر بہت سارے اداروں اور تنظیموں کے ساتھ مل کر کاروار چلو، جیل بھرو، بنگلورو چلو جیسے اہم پروگرام منعقد کیے تھے۔ اس کے علاوہ محکمہ جنگلات کے دفتروں کا گھیراؤ، عدالتوں میں درخواستیں اور اپیل داخل کرنے کا کام بھی انجام دیا  تھا۔کانفرنسیں اور بیداری پیدا کرنے والے اجلاس اور پد یاتراؤں کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔گزشتہ سال ہوراٹا سمیتی کو ایک بڑی کامیابی اس وقت ملی تھی، جب  قبضہ داروں کی درخواستیں نامنظور کرتے ہوئے انہیں خالی کروانے کی سرکاری کوششوں پر روک لگانے کے لئے ہوراٹا سمیتی نے عدالت سے جو پی آئی ایل داخل کی تھی اس کو قبول کرتے ہوئے عبوری اسٹے دیاگیا ۔

 ہوراٹا سمیتی کی جدوجہد اور بار بار احتجاجی مظاہروں کے باوجود ضلع بھر میں محکمہ جنگلات کے افسران کی جانب سے اتی کرم داروں کو ستانے اور خواہ مخواہ تکلیف دینے کے واقعات بھی مسلسل ہورہے ہیں۔ سال 2019میں محکمہ جنگلات کی طرف سے ہراسانی کے معاملات سب سے زیادہ معاملات بھٹکل تعلقہ میں پیش آئے۔ ہوراٹا سمیتی کے ضلعی صدر ایڈوکیٹ رویندرا نائک نے بتایا کہ سیاسی لیڈران کی عدم دلچسپی کی وجہ سے جنگلاتی زمین کے قبضہ داروں کے مسائل حل کرنے میں رکاوٹ پیداہورہی ہے۔ ان حالات کو دیکھتے ہوئے ہوراٹا سمیتی نے فیصلہ کیا ہے کہ اس تحریک کواس نئے سال میں مزید تیز کیا جائے گا اور قانونی حدود میں رہتے ہوئے اتی کرم داروں کو ان کے حقوق دلانے کی جدو جہدنئے انداز سے جاری رکھی جائے  گی۔
 


Share: